دعا کے سوا کچھ نہیں کر سکتا، عمران خان کی بینائی متاثر ہونے پر شاہ محمود قریشی کا ردِعمل

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اے ٹی سی لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی آنکھ کی بینائی کا سن کر بہت دکھ ہوا، دعا کے سوا کچھ نہیں کر سکتا، میرا بھی علاج جاری ہے، مگر سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے ہسپتال نہیں لے جایا جا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر یاسیمین راشد اور میاں محمود الرشید کا علاج بھی اسی وجہ سے نہیں ہو پا رہا اور یہ جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ قیدیوں کو ان کے حقوق فراہم کرے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی بھی کہا کہ ملک میں الجھاؤ اور بے چینی نہیں دیکھنا چاہتا، بلوچستان میں دہشت گردی میں بھارت کا ہاتھ ہے اور حکومت کے موقف سے اتفاق کرتا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے بانی کی صحت سے متعلق آگاہی لینے کے لیے عظمیٰ خان سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ موجودہ جیل انتظامیہ اور پنجاب حکومت عمران خان کی بینائی کے مسئلے کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اگر عمران خان کو بیرون ملک علاج کے لیے جانا پڑا تو وہ جائیں گے، شفیع جان

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں شاہ محمود قریشی سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ ایک وزیر نے علیمہ خان کے حوالے سے مگرمچھ کے آنسو کہا یہ بے حسی کی انتہا ہے اور ایسا کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top