اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جیل ڈاکٹروں نے مزید غفلت برتی تو عمران خان کی بینائی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے فوری علاج کی سہولت دینے کا مطالبہ کیا۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج کروانا ان کا قانونی اور انسانی حق ہے اور ان کے ذاتی معالج سے انہیں چیک کروانے کی اجازت دی جائے، شفا اسپتال میں علاج ہونا چاہیے کیونکہ جیل ڈاکٹروں کی غفلت سے بانی کی بینائی خطرے میں پڑ سکتی ہے،
انہوں نے کہا ہم پرامن احتجاج کے وعدے پر قائم ہیں، آج کے احتجاج میں کسی کو گالی نہیں دی جائے گی اور نہ پتھر اٹھائے جائیں گے، بانی کی بیماری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اگر علاج کے لیے ہسپتال نہ بھیجا گیا تو ان کی بینائی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ عوام اور حکومت دونوں کو یہ سوچنا ہوگا کہ اگر بانی علاج کے لیے ہسپتال جائیں اور انہیں مناسب سہولت نہ دی جائے تو اس کے ذمہ دار کون ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دعا کے سوا کچھ نہیں کر سکتا، عمران خان کی بینائی متاثر ہونے پر شاہ محمود قریشی کا ردِعمل
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ہے اور اس کا مقصد صرف علاج کی فوری سہولت یقینی بنانا ہے ہم اپنے مطالبات کے پورے ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے۔





