آپ کے نام پر کتنی سمیں رجسٹر ہیں؟ پی ٹی اے نے آسان طریقہ بتا دیا

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز کی تعداد ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے کے مطابق بعض افراد کو یہ علم نہیں ہوتا کہ ان کے شناختی کارڈ پر کتنی سمز رجسٹرڈ ہیں، اور یہ لاعلمی ڈیجیٹل خطرات کو دعوت دے سکتی ہے۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ شہری کی سم اس کی شناخت ہے، یہ محض ایک چِپ نہیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا کی چابی ہے۔

اگر کوئی جعلی یا چوری شدہ سم کسی کے ہاتھ لگ جائے تو شہری کا حساس ڈیٹا، بینک اکاؤنٹ، موبائل ایپلی کیشنز حتیٰ کہ واٹس ایپ بھی غیر محفوظ ہو سکتا ہے۔

شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز چیک کرنے کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 668 پر بھیج سکتے ہیں۔ اگر کوئی غیر متعلقہ یا مشتبہ سم سامنے آئے تو شہری فوراً اسے بلاک کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

پی ٹی اے نے شہریوں کو اس عمل کو بروقت کرنے کی ہدایت دی تاکہ ڈیجیٹل شناخت محفوظ رہے اور کسی بھی قسم کے فراڈ یا غیر قانونی استعمال سے بچاؤ ممکن ہو۔

یہ اقدام شہریوں کو ڈیجیٹل تحفظ فراہم کرنے اور شناختی چوری کے خطرات کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی جانچ کریں۔

Scroll to Top