پشاور میں پیشہ ور بھکاریوں کا راج، اینٹی بیگری مہم ناکام، شہری پریشان

پشاور میں پیشہ ور بھکاریوں کا راج، اینٹی بیگری مہم ناکام، شہری پریشان

وزارت داخلہ کی ہدایات کے باوجود پشاور میں پیشہ ور بھکاریوں کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے شہر بھر میں شہریوں کی پریشانی بڑھا دی ہے اور حقیقی مستحق افراد پس منظر میں چلے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، رمضان کے مقدس مہینے میں صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کی کمزور عملداری کے باعث انسداد گداگری مہم مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی ہے۔

شہر کے اہم چوکوں، بازاروں اور ٹریفک سگنلز پر منظم گروہوں کی صورت میں بھکاری متحرک ہیں جو نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں بلکہ شہریوں کے لیے بھی پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔ اینٹی بیگری سکواڈ کی کارروائیاں عمومی اور رسمی نوعیت کی دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث پیشہ ور بھکاریوں کو پکڑنے کی کوششیں ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔

مذکورہ پیشہ ور گروہوں کی موجودگی کی وجہ سے حقیقی مستحق افراد امداد کے حصول سے محروم ہیں، جبکہ سرکاری وسائل پر روزانہ اور ماہانہ لاکھوں روپے خرچ ہونے کے باوجود خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پشاور میں اس مسئلے کے حل کے لیے نہ صرف موثر نگرانی اور سخت اقدامات کی ضرورت ہے بلکہ شہری شعور اور تعاون کو بھی بروئے کار لانا ہوگا، تاکہ اصل ضرورت مند طبقہ حق کے مطابق مدد حاصل کر سکے۔

Scroll to Top