کے پی حکومت کی نااہلی یا کچھ اور؟ نئے میڈیکل افسروں کی تنخواہیں 5 ماہ سے لٹکی، 4 کروڑ 58 لاکھ روپے کا بجٹ درکار

کے پی حکومت کی نااہلی یا کچھ اور؟ نئے میڈیکل افسروں کی تنخواہیں 5 ماہ سے لٹکی، 4 کروڑ 58 لاکھ روپے کا بجٹ درکار

محکمہ صحت میں نئے تعینات شدہ میڈیکل افسروں کی تنخواہوں کے معاملے پر سنگین صورتحال سامنے آئی ہے، جنہیں گزشتہ 5 ماہ سے بروقت ادائیگی نہیں کی گئی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال اپر دیر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے محکمہ صحت کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں مالی سال 2025-26 کے لیے نئے ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی مد میں باقاعدہ بجٹ کی فراہمی اور پوزیشن کوڈ کے اجراء کی درخواست کی گئی۔

مراسلے کے مطابق ہسپتال میں ایک اسپیشلسٹ اور 31 میڈیکل افسران کو فکسڈ پے پر تعینات کیا جا چکا ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، تاہم ان کی تنخواہوں کے لیے مالی سال کا مجموعی بجٹ 4 کروڑ 58 لاکھ 41 ہزار 935 روپے درکار ہے۔

مراسلے میں زور دیا گیا ہے کہ متعلقہ رقم اور پوزیشن کوڈز جاری کیے جائیں تاکہ تعینات شدہ ڈاکٹروں کو بروقت تنخواہیں فراہم کی جا سکیں اور وہ اپنی خدمات بلا تعطل انجام دے سکیں۔

ذرائع کے مطابق، تنخواہوں میں اس تاخیر کے باعث نئے افسروں میں بے چینی پائی جاتی ہے اور ہسپتال میں خدمات کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top