راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن نورین نیازی ایک حادثے میں زخمی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نورین نیازی راولپنڈی کے علاقے داہگل ناکے پر زیرِ تعمیر سیوریج لائن عبور کرتے ہوئے اچانک گر پڑیں، جس کے نتیجے میں ان کے ہاتھ، پاؤں اور ناک پر چوٹیں آئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ نالے کے اوپر سے گزرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر انہیں زیرِ تعمیر نالے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ذرائع کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے دوران ان کے ہمراہ موجود ایک اور خاتون بھی گر کر زخمی ہوئیں، جنہیں بھی طبی امداد دی گئی۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے زیرتعمیر منصوبوں کے اطراف حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔





