مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران پر حملے اور سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف احتجاج میں پرامن رہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکہ، ناجائز ریاست اسرائیل اور ان کے حامیوں کی طرف سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملہ حریت پسند انسانیت کے لیے تشویش ناک ہے۔ مرکزی انجمن نے شہادت پر تعزیت پیش کی اور نائب امام، فرزند زہر ا (س)، حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلگت مرکز سے بعد از نماز ظہر مرکزی امامیہ مسجد سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جبکہ وہ مومنین جو گلگت پہنچنے سے قاصر ہیں، وہ اپنے علاقوں میں پرامن احتجاج کریں۔ آئندہ لائحہ عمل قائدین کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔
مرکزی انجمن امامیہ نے شرکاء سے خصوصی گزارش کی ہے کہ وہ نظم و ضبط، اتحاد اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور اپنے جذبات کا اظہار پرامن انداز میں کریں۔اعلامیے کے آخر میں کہا گیا ہے: “اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔”





