حکومت سندھ نے امریکی قونصل خانے میں مظاہرین کے داخلے اور تصادم کے دوران انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واقعے میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، جب مظاہرین نے قونصل خانے کے بیرونی حصار کو عبور کرتے ہوئے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔
حکومت سندھ نے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دی ہے، جو یہ تعین کرے گی کہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اس کے اسباب کیا تھے اور ذمہ دار کون ہیں۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت شہریوں کے آئینی اور جمہوری حق احتجاج کا احترام کرتی ہے، تاہم پرامن ماحول کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ، تشدد یا قانون ہاتھ میں لینا مناسب عمل نہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار صرف پرامن اور قانونی طریقے سے کریں۔ جے آئی ٹی تمام حقائق کی تحقیقات کرے گی تاکہ واضح ہو کہ واقعہ کیسے پیش آیا، محرکات کیا تھے اور ذمہ دار کون ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ حالات کو کنٹرول میں رکھنا اور قانون کی پاسداری سب کی ذمہ داری ہے، جبکہ تمام شہریوں کو پرامن احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق حاصل ہے۔





