پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے ایران کے مذہبی رہنما آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر شہریوں سے صبر و تحمل اختیار کرنے اور ملک میں انتشار و بدامنی سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پورے عالم اسلام کے لیے انتہائی افسوسناک ہے، اور کراچی میں آج جو صورتحال سامنے آئی وہ بھی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ سے اپیل کی کہ وہ اس وقت صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ دشمن اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، مگر اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچانا یا قومی املاک کو جلانا بالکل بھی عقلمندی نہیں۔ علامہ طاہر اشرفی نے زور دیا کہ ہمیں اپنے اکابرین کے دیے گئے صبر و تحمل کے درس کو اپنانا چاہیے تاکہ پاکستان میں امن و اتحاد قائم رہ سکے۔





