زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور نے شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کی مکمل تائید کر دی ہے۔
پشاور میں منعقدہ زونل کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے کسی بھی مقام سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا کمیٹی متفقہ طور پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اس فیصلے سے اتفاق کرتی ہے کہ عیدالفطر ہفتہ کے روز ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شوال المکرم 1447ھ کا چاند نظر نہیں آیاجس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باقاعدہ اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس اور تکنیکی شواہد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کو 30 واں روزہ ہوگا اور عید ہفتہ کو ہوگی۔





