خطے میں بڑھتی کشیدگی، دنیا بڑے خطرے کی جانب بڑھ رہی ہے، اقوام متحدہ

نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں جاری جنگی حالات تیزی سے قابو سے باہر ہو رہے ہیں اور دنیا ایک بڑے اور وسیع تصادم کے خطرے کی جانب بڑھ رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، انتونیو گوتریس نے اپنے بیان میں زور دیا کہ امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو ہر صورت کامیاب بنانا ہوگا۔

انہوں نے امریکا اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔سیکرٹری جنرل نے ایران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے پڑوسی ممالک پر حملے فوری طور پر بند کرے، کیونکہ اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ طویل بندش سے تیل، گیس اور کھاد کی عالمی ترسیل شدید متاثر ہو رہی ہے، جو زرعی پیداوار کے اہم سیزن میں ایک بڑے عالمی بحران کو جنم دے سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دورہ چین سے متعلق ٹرمپ کا اہم اعلان سامنے آ گیا

انتونیو گوتریس نے لبنان کی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کو دوسرا غزہ نہیں بننے دیا جانا چاہیے اور وہاں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں۔انہوں نے حزب اللہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر حملے بند کرے تاکہ خطے میں کشیدگی مزید نہ بڑھے۔

سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر جنگ بندی اور مذاکرات کا آغاز نہ کیا گیا تو موجودہ بحران علاقائی سے عالمی تنازع میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔

Scroll to Top