وزیراعلی سہیل آفریدی نے ’رہائی تحریک‘ کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باقاعدہ طور پررہائی تحریک کی رجسٹریشن کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک تمام آئینی و قانونی راستے اپنائے ہیں اور وہ ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلیٰ ہیں، اس وقت وہ واحد وزیراعلیٰ ہیں جو ووٹ کے ذریعے آئے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی اپنے لیڈر سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جب ایک منتخب وزیراعلیٰ کا پاسپورٹ بلاک کر دیا جائے، راستے بند ہوں اور اڈیالہ جیل کے دروازے نہ کھولے جائیں تو ان کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب عوام پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کیا جائے گا تو وہ خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ وہ احتجاجی سیاست کے چیمپئن ہیں اور آج بھی اپنی اس بات پر قائم ہیں۔

سہیل آفریدی کے مطابق اس وقت اصل معاملہ الیکشن یا کسی حلقے کا نہیں بلکہ ان کے لیڈر کی زندگی اور صحت کا ہے، جس کے لیےرہائی تحریک کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پورے ملک میں ممبر شپ کا عمل مکمل کرنے کے بعد تمام ممبران سے حلف لیا جائے گا تاکہ تحریک کو منظم کیا جا سکے۔

Scroll to Top