باجوڑ میں بڑا سانحہ ٹل گیا! خطرناک بارودی مواد برآمد، پولیس کی بروقت کارروائی نے انسانی جانیں بچا لیں

باجوڑ میں بڑا سانحہ ٹل گیا! خطرناک بارودی مواد برآمد، پولیس کی بروقت کارروائی نے انسانی جانیں بچا لیں

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کی ہدایت پر بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی۔ڈی۔ایس) ٹیم نے صدیق آباد پھاٹک بازار کے قریب ایک اہم اور مشکوک بارودی مواد برآمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقامی تھانے کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ پھاٹک کے مقام پر خطرناک مواد موجود ہے، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بی۔ڈی۔ایس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل تلاشی لی اور مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے بی۔ڈی۔ایس ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث خدا نخواستہ کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا اور قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت یقینی بنی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشتبہ چیز یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے کو دیں۔

Scroll to Top