پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے سفارتی محاذ پر متحرک ہو گیا ہے، جبکہ اہم چارفریقی اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ آج دارالحکومت پہنچیں گے۔
یہ اہم اجلاس خطے میں بڑھتی کشیدگی، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران کشیدگی میں کمی، سفارتی تعاون اور باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے اس اجلاس کی میزبانی کو خطے میں امن کے فروغ اور مؤثر سفارتکاری کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔





