خیبرپختونخوا کی برفانی جھیلیں پھٹنے کے قریب، 5 اضلاع میں ہائی الرٹ

خیبرپختونخوا کی برفانی جھیلیں پھٹنے کے قریب، 5 اضلاع میں ہائی الرٹ

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں برفانی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ پانچ حساس اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر شامل ہیں، جہاں موسمی صورتحال کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہائی الرٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے سبب گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرناک واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔ اسی لیے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی، فوری وارننگ سسٹم فعال رکھنا، خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء مشقیں کروانا، اور محفوظ مقامات پر انخلاء مراکز مکمل سہولیات کے ساتھ فعال رکھنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی ہر ممکنہ خطرے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑی نہ چلائیں، اور حساس علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے، ضروری مشینری اور آلات پہلے سے تعینات کرنے، اور شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عوام اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور شدید موسمی خطرے کے دوران حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ انسانی جانوں اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top