بال ٹیمپرنگ ثابت،فخر زمان پر دو میچز کی پابندی عائد

قومی کرکٹر فخر زمان پر بال ٹیمپرنگ کا الزام ثابت ہونے کے بعد انہیں دو میچوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فخر زمان کوڈ آف کنڈکٹ کی لیول تھری کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں جس کے باعث ان پر یہ تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

میچ ریفری روشن مہاناما نے اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی جس میں تمام دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سماعت کے دوران فخر زمان کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع بھی دیا گیا جبکہ اس موقع پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، ٹیم ڈائریکٹر سمین رانا اور ٹیم منیجر فاروق انور بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ بال ٹیمپرنگ کا یہ واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران رپورٹ ہوا تھا۔

اس پابندی کے بعد فخر زمان اب پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہونے والے اہم میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

Scroll to Top