متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نئے نرخوں کے مطابق امارات میں پٹرول کی قیمت میں 30 فیصد سے زائد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 70 فیصد تک ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سپر پٹرول کی قیمت 2.59 درہم سے بڑھا کر 3.39 درہم فی لیٹر کر دی گئی ہے جبکہ اسپیشل 95 پٹرول کے نرخ 2.48 درہم سے بڑھ کر 3.28 درہم فی لٹر ہو گئے ہیں۔

اسی طرح ای پلس 91 پٹرول کی نئی قیمت 3.20 درہم فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے جو 2.72 درہم سے بڑھ کر 4.69 درہم فی لٹر تک پہنچ گیا ہے۔

تیل کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کی وجہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ جنگ کو قرار دیا جا رہا ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں شدید ہیجان پایا جاتا ہے۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر علاقائی صورتحال مزید بگڑتی ہے تو عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہے۔

Scroll to Top