تحریک انصاف کو راولپنڈی جلسے کی اجازت نہیں،ڈپٹی کمشنر نے درخواست خارج کر دی

تحریک انصاف کو راولپنڈی جلسے کی اجازت نہیں،ڈپٹی کمشنر نے درخواست خارج کر دی

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیاقت باغ میں 9 اپریل کے جلسے کے لیے این او سی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

پی ٹی آئی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عاقل خان کو باقاعدہ طور پر این او سی جاری نہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق موجودہ امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے اس معاملے پر غور کیا، جس میں عوامی اجتماعات کے دوران شرکا کی جان و مال کو لاحق خطرات کے امکانات کو مدنظر رکھا گیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور لیاقت باغ کی سکیورٹی کلیئرنس کے لیے حفاظتی وسائل کی بڑی تعیناتی حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ممکن نہیں۔ موجودہ حالات میں عوامی اجتماع کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری انتظامی، لاجسٹک اور مالی وسائل کو پورا کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، اسی وجہ سے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں جلسے کے این او سی کی اجازت نہیں دی جا سکتی

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن جلسہ ہر سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی حق ہے، تاہم انتظامیہ نے امن و امان اور سکیورٹی صورتحال کے باعث اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ صدر عاقل خان نے بھی اس فیصلے سے آگاہی دی ہے۔

ذرائع کے مطابق لیاقت باغ کے کسٹوڈین پی ایچ اے نے بھی جلسے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ لیاقت باغ اب جلسہ گاہ نہیں بلکہ تفریحی پارک ہے، جس میں جلسوں کے دوران پودے اور پھول متاثر ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top