قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے موجودہ ملکی و علاقائی صورتحال کے تناظر میں حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی پاگل ہی ہو گا جو اس کامیابی پر خوش نہ ہو۔
ایوان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تمام سیاسی اکابرین کو ایک ساتھ بیٹھنے کی دعوت دی اور واضح کیا کہ اگرچہ ہمارے سیاسی اختلافات بہت زیادہ ہیں لیکن ان حالات میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور خیر و تقویٰ کے طور پر حکومت کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے جوشیلے انداز میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ بادکے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ہم اتنے جاہل نہیں کہ ملکی مفاد کو نہ سمجھیں، یہ موقع آسمان سے آیا ہے اور اسے ہرگز گنوانا نہیں چاہیے۔
عالمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کی انا ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے، وہ یہ سمجھتے تھے کہ ایران سرینڈر کر جائے گا۔
انہوں نے ملک کی معاشی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ پاکستان دنیا کی نعمتوں سے بھرا پڑا ہے تو پھر ہم کیوں بھیک مانگتے ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی اس ملک کا رہنے والا ہے،اس سے بات کریں، ہم جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملیں گے اورانہیں اپنی باتوں پر راضی کرلیں گے، آج تک جتنی بھی تحریکیں چلی ہیں بانی پی ٹی آئی کوسب سے زیادہ مقبولیت ملی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالنا جرم ہے۔





