خطے میں امن کی طرف اہم قدم، پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات اسلام آباد کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہیں۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ان مذاکرات کے نتیجے میں جنگ بندی میں مزید توسیع ہوتی ہے تو یہ پاکستان کے لیے ایک اور بڑی پیش رفت ہوگی۔ ان کے مطابق پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں یہ ایک اہم ترین سفارتی موقع ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس پورے عمل کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غیر معمولی سنجیدگی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور رات بھر جاگ کر صورتحال کو مانیٹر کیا۔

ان کے مطابق اعلیٰ عسکری قیادت نے ہر مرحلے پر کوشش کی کہ یہ عمل کسی بھی رکاوٹ یا سبوتاژ سے محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں تاریخی فون کالز، عالمی رہنماوں کی توجہ، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی سفارتی خدمات کوسراہا گیا

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ خطے کی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور اس میں کسی بھی فریق کی طرف سے مکمل ضمانت دینا ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے کسی بھی قسم کی گارنٹی اقوام متحدہ بھی نہیں دے سکتا، جبکہ عملی طور پر اس کی ضمانت صرف امریکہ ہی دے سکتا ہے۔

احسن اقبال کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کے مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔

Scroll to Top