پشاور: کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ویمن کے تعاون سے خواتین پولیس اہلکاروں اور زیر حراست خواتین کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر وومن پولیس اسٹیشن ملک سعد شہید پولیس لائنز میں جدید سہولیات سے آراستہ ڈے کیئر سینٹر قائم کر دیا ہے۔
اس ڈے کیئر سینٹر کا باقاعدہ افتتاح سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کیا۔ اس منصوبے کا مقصد خواتین پولیس اہلکاروں کے بچوں اور زیر حراست خواتین کے بچوں کو محفوظ، پرسکون اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں ان کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
سینٹر میں بچوں کے لیے مختلف اقسام کے کھلونے اور بنیادی ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ انہیں دوستانہ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
افتتاحی تقریب میں اعلیٰ پولیس اور اقوام متحدہ کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ سونیا شمروز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عائشہ گل، اے آئی جی جینڈر ایکوئلیٹی انیلا ناز، یو این ویمن کی ڈپٹی کنٹری ریپریزنٹیٹو فہمیدہ اقبال، پورٹ فولیو منیجر ثمن احسان، پروونشل ہیڈ زینب قیصر، رول آف لا نمائندہ شیر خان اور ایس ایچ او وومن پولیس اسٹیشن مغیث شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ریلوے کا حیران کن فیصلہ، سفری رعایت کا اعلان
اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے یو این ویمن کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ڈے کیئر سینٹر ایک قابلِ تحسین اقدام ہے جو خواتین پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ ان کی روزمرہ ذمہ داریوں میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر سی سی پی او پشاور نے یو این ویمن کی ڈپٹی کنٹری ریپریزنٹیٹو فہمیدہ اقبال، پورٹ فولیو منیجر ثمن احسان اور پروونشل ہیڈ زینب قیصر کو کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔





