دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں ایک بڑی تبدیلی کر دی گئی ہے جس کے بعد صارفین کی ایک دیرینہ خواہش پوری ہو گئی ہے۔
اب صارفین کو دوسروں سے رابطہ کرنے کے لیے اپنا فون نمبر دینے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ یوزر نیم کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑ سکیں گے۔
یوزر نیمز سے متعلق یہ نیا فیچر فی الحال اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژنز میں محدود صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے تاہم واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کی جانچ پڑتال مکمل ہوتے ہی اسے بہت جلد دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے عام کر دیا جائے گا۔
اس فیچر کا سب سے بڑا فائدہ صارفین کی پرائیویسی میں اضافہ ہے۔ اب کسی بھی نئے شخص سے بات چیت شروع کرنے کے لیے اپنا نجی فون نمبر شیئر کرنا لازمی نہیں ہوگابلکہ صرف یوزر نیم بتا کر ہی محفوظ طریقے سے رابطہ قائم کیا جا سکے گا۔
سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے واٹس ایپ نے اس فیچر کے ساتھ چار ہندسوں پر مشتمل ایک خصوصی “کی” یعنی پن کوڈ کا آپشن بھی رکھا ہے۔ اس اضافی سکیورٹی تہہ کی وجہ سے صارفین کی چیٹ اور پروفائل تک غیر متعلقہ افراد کی رسائی ناممکن ہو جائے گی۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی نہایت سادہ رکھا گیا ہے۔ صارفین کو واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اپنی پروفائل فوٹو پر کلک کرنا ہوگا، جہاں انہیں یوزر نیم بنانے کا آپشن نظر آئے گا۔ اس آپشن کے ذریعے ہر کوئی اپنی پسند اور دستیابی کے مطابق منفرد یوزر نیم منتخب کر سکے گا۔





