امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی دیرینہ مثبت سفارتی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مؤثر اور فعال کردار ادا کیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے معروف پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر سفارتی کوششیں مسلسل جاری رہیں، جن کا مقصد خطے میں کشیدگی میں کمی اور بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا تھا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس سفارتی عمل میں پاکستان کو سعودی عرب، مصر، ترکیہ اور دیگر علاقائی شراکت داروں کی حمایت اور تعاون بھی حاصل رہا، جس سے مذاکراتی عمل کو تقویت ملی۔
ان کے مطابق اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکراتی عمل میں فریقین نے تعمیری انداز اپنایا، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا جنگ بندی انسانیت کی فتح ہے، پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، مشعال حسین ملک
رضوان سعید شیخ نے واضح کیا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک سہولت کار (facilitator) کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ تصفیہ طلب امور کا حل متعلقہ فریقین کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی برادری اور پاکستان دونوں کی خواہش ہے کہ تمام معاملات کو بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں سفارت کاری کو مکمل موقع دیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔





