آگ کے شعلے بجھ گئے، فیلڈ مارشل نے مذاکرات کو ممکن بنا دیا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کا وفد پاکستان کی پُرخلوص دعوت پر اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جبکہ امریکی وفد کچھ ہی دیر میں پہنچ جائے گا، جہاں دونوں ممالک کی قیادت آج اہم مذاکرات کرے گی۔ انہوں نے اس پیش رفت کو خطے میں امن کے قیام کی جانب ایک مثبت اور اہم قدم قرار دیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ نازک صورتحال میں پاکستانی قیادت نے انتہائی اعتماد اور تدبر کے ساتھ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو فریق کل تک جنگ میں آمنے سامنے تھے، وہ اب بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر تیار ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ عارضی جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے، تاہم اب اس سے بھی زیادہ اہم اور کٹھن مرحلہ دیرپا جنگ بندی کا ہے، جسے انہوں نے “میک اور بریک” مرحلہ قرار دیا۔

انہوں نے اس اہم سفارتی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں تاریخی فون کالز، عالمی رہنماوں کی توجہ، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی سفارتی خدمات کوسراہا گیا

وزیراعظم کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی اور تاریخ ساز کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ان مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہو جاتے ہیں تو بے شمار معصوم جانیں بچائی جا سکیں گی اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس اہم موقع پر دعا کریں کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں اور خطہ ایک بار پھر امن و استحکام کی طرف گامزن ہو سکے۔

Scroll to Top