ایران امریکامذاکرات کی میزبانی پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی ہے،بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات پر اس وقت پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ ان اہم مذاکرات کی میزبانی کرنا پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ جنگ بندی خطے میں موجود دیرینہ تنازعات کے مستقل حل کے لیے ایک بنیاد بنے گی۔

انہوں نے مذاکرات کی میز پر آنے کے فیصلے پر امریکی اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور امن عمل میں چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔

پی پی پی چیئرمین نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ سے نہ صرف ایران بلکہ پورا خطہ متاثر ہو رہا تھا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران جنگ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ایسے مسائل کا کوئی عسکری حل ممکن نہیں ہے بلکہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، حتمی معاہدے تک پہنچنا فریقین کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں،ایران جنگ نے ثابت کیا اس مسئلے کا کوئی عسکری حل نہیں ہے۔

Scroll to Top