رحیم یار خان: ظاہر پیر کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ظاہر پیر کے قریب پیش آیا، جہاں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے ابتدائی طور پر ٹریلر ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔
حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
یہ بھی پڑھیں : بونیر میں افسوسناک حادثہ، دریائے برندو میں تین خواتین ڈوب گئیں، دو جاں بحق
شیخ زید اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ مزید 3 افراد اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔





