وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں کامیاب سفارتکاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور دنیا اب پاکستان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششیں بھی مثبت نتائج دے رہی ہیں جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، موجودہ سفارتی پیش رفت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کی عکاس ہے۔
وفاقی وزیر سردر یوسف نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں امن کی کوششیں قابلِ تحسین، تاریخ یاد رکھے گی، گورنر خیبر پختونخوا
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر شہداء کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، جبکہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا، عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردر یوسف نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا اور پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔





