پنجاب حکومت کے دو سالہ دورِ کارکردگی پر جاری کیے گئے تازہ عوامی سروے کے نتائج سامنے آ گئے ہیں۔
سروے کے مطابق پنجاب کے 65 فیصد عوام صوبے کی درست سمت میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
سروے میں مجموعی طور پر عوامی رائے، خدمات کی فراہمی، سیاسی جماعتوں کی مقبولیت اور اہم عوامی مسائل کو شامل کیا گیا۔
سروے کے مطابق پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی پر 69 فیصد عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ 56 فیصد شہریوں کے مطابق ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔
سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں 55 فیصد عوام نے انہیں ووٹ دینے کے لیے حمایت ظاہر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں دو تہائی شہریوں نے سروس ڈیلیوری کو بہترین یا تسلی بخش قرار دیا ہے، صوبے میں ستھرا پنجاب مہم 33 فیصد مقبولیت کے ساتھ نمایاں رہی جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری کو 14 فیصد عوام نے سراہا۔
سروے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بدولت وزیراعلیٰ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، سیاسی جماعتوں کی مقبولیت کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) 42 فیصد حمایت کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف 36 فیصد حمایت کے ساتھ دوسرے نمبر پر دوسرے نمبر پر موجود ہے، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کی مجموعی حمایت 2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بہتر انفراسٹرکچر معاشی ترقی کی بنیاد، صوبے میں جدید سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
رپورٹ کے مطابق 16 فیصد ووٹرز ابھی کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکے، عوام کی بڑی تعداد نے مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
دلچسپ طور پر پنجاب میں بسنت کی بحالی کو بھی عوام کی بڑی اکثریت نے بھرپور حمایت دی ہے، سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ رائے کمپیوٹر اسسٹڈ پرسنل انٹرویو تکنیک کے ذریعے پنجاب کے تمام ڈویژنز میں حاصل کی گئی ہے۔





