بہتر انفراسٹرکچر معاشی ترقی کی بنیاد، صوبے میں جدید سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بہتر انفراسٹرکچر ہی معاشی ترقی کی بنیاد ہے، جدید سڑکوں کا جال بچھا کر عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں کے نیٹ ورک اور فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہتر انفراسٹرکچر ہی معاشی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت جدید سڑکوں کا جال بچھا کر عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضم شدہ اضلاع کو آپس میں ملانے کے لیے نئی سڑکوں کی تعمیر کی اسکیم آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائے، جبکہ صوبائی موٹر ویز اور ایکسپریس ویز کے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر میں مربوط روڈ نیٹ ورک کے قیام پر کام جاری ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی اور آفتاب عالم پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات سامنے آ گئے

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں پر لائن مارکنگ اور کیٹ آئیز کی تنصیب لازمی طور پر یقینی بنائی جائے، جبکہ تمام ترقیاتی اسکیموں میں اعلیٰ معیار اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اجلاس کو محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے مجموعی ترقیاتی پورٹ فولیو، جاری منصوبوں کی پیشرفت، فنڈز کے استعمال اور اخراجات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

Scroll to Top