یہ کھلاڑیوں کے لیے زبردست لمحہ ہے، میچ ٹو میچ پلان سے کامیابیاں ملیں، بابر اعظم

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے حیدرآباد کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فاتح کپتان بابر اعظم کو ٹرافی پیش کی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم اور شائقین دونوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔ ان کے مطابق ٹیم نے ہر میچ کو الگ پلان کے ساتھ کھیلا جس کا نتیجہ مسلسل کامیابیوں کی صورت میں سامنے آیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز کی ٹیم زلمی بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز بھی مشکلات سے بھرپور رہا، کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ حارث 6 اور کوشل مینڈس 9 رنز بنا سکے۔ بریسویل بھی صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل فائنل میں شاندار کارکردگی، بہترین کھلاڑیوں اور ایوارڈز کا اعلان

ابتدائی نقصان کے بعد ایرون ہارڈی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے دوسری بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

Scroll to Top