شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن، دہشتگردوں کے خلاف فورسز سیسہ پلائی دیوار ہیں: وزیراعظم اور صدر

اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان، صدرِ مملکت اور وفاقی وزیرِ داخلہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ “عزمِ استحکام” کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں اور حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن کے دوران 22 فتنۃ الخوارج دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا فتنۃ الخوارج کی سفاکیت اور انسان دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔

صدر مملکت نے “عزمِ استحکام” کے تحت جاری انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کے حوصلے، بہادری اور قربانیوں کی بھی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان،سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 22 دہشت گرد ہلاک، اہم مراکز مسمار

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے مؤثر کارروائی کے ذریعے فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

محسن نقوی نے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ قوم کی مکمل حمایت سے جاری رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

Scroll to Top