بھارت میں وائرل تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کو بڑا دھچکا

بھارت میں چیف جسٹس کے متنازع ریمارکس کے بعد سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کرنے والی طنزیہ تحریک “کاکروچ جنتا پارٹی” کو مودی حکومت نے بڑا دھچکا دے دیا۔

پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے تصدیق کی ہے کہ ان کا ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھارت میں بند یا محدود کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی جب اس طنزیہ تحریک نے انسٹاگرام پر حکمران جماعت بی جے پی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور اس کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ یہ

تحریک بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت کے اس بیان کے بعد شروع ہوئی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کو “کاکروچ” سے تشبیہ دی تھی۔ اگرچہ چیف جسٹس نے بعد میں وضاحت دی کہ ان کی بات کو غلط رنگ دیا گیا، لیکن تب تک نوجوانوں نے احتجاجاً اس نام سے ایک طاقتور ڈیجیٹل مہم شروع کر دی تھی۔

تحریک کے بانی ابھیجیت کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ بند کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ تحریک بھارتی نوجوانوں کے معاشی دباؤ اور سیاسی بے چینی کی علامت بن چکی ہے جس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے بھارتی اقتدار کے ایوانوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

Scroll to Top