درجہ حرارت 7 ڈگری بڑھنے کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

درجہ حرارت 7 ڈگری بڑھنے کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے پیر سے رواں ماہ کے آخر تک ملک بھر میں شدید ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ، جنوبی پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقے اس شدید گرمی کی لہر سے متاثر ہوں گے۔

پیشگوئی کے مطابق اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ ہیٹ ویو کے باعث جہاں شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا ہوگا، وہیں گلیشیئرز پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے عید کی چھٹیوں کے حوالے سے شہریوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید پر سیر سپاٹوں کے شوقین افراد سورج کی تپش سے بچنے کے لیے صرف شام یا رات کے وقت باہر نکلیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہری براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ گرمی کی یہ لہر رواں ماہ کے اختتام تک جاری رہ سکتی ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top