افغانستان کو شکست!پاکستان نے 64 سال بعد بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

افغانستان کو شکست!پاکستان نے 64 سال بعد بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

64 سال بعد پاکستان کا تاریخی کارنامہ، افغانستان کو شکست دے کر ڈائمنڈ جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا

پاکستان نے بین الاقوامی فٹبال میں 64 سال بعد ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغانستان کو شکست دے کر ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا۔

مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چار ملکی ایونٹ کے فائنل میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 0-2 سے شکست دی اور ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے بین الاقوامی فٹبال میں ایک طویل انتظار کا خاتمہ کر دیا۔

پاکستانی ٹیم 1962 میں ملائیشیا میں منعقد ہونے والے امردیکا کپ کے بعد پہلی بار کسی آزاد بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔ 64 برس بعد فائنل میں فتح حاصل کرنا قومی فٹبال کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ وزیراعظم پاکستان نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے خلاف یہ تاریخی فتح پوری قوم کے لیے خوشی، فخر اور اعزاز کا باعث ہے۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ قومی فٹبال ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گی اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر مزید روشن کرے گی۔

شائقین فٹبال نے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس کامیابی کو پاکستانی فٹبال کے لیے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا ہے۔

Scroll to Top