پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) رہنماوں کی اہم ملاقات آج ہوگی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں کے درمیان آج اہم ملاقات ہوگی، جس میں گرینڈ اپوزیشن اتحاد کے قیام پر بات چیت کی جائے گی۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے رہنما آج رات 10 بجے مل بیٹھیں گے۔

اس سے قبل، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اعلان کیا تھا کہ ان کی جماعت جے یو آئی (ف) کے ساتھ جلد مذاکرات کرے گی تاکہ حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جا سکے۔ پی ٹی آئی عید کے بعد باقاعدہ حکومت مخالف تحریک شروع کرنا چاہتی ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اس ملاقات میں جے یو آئی (ف) اپنے تحفظات سے پی ٹی آئی قیادت کو آگاہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے کچھ خدشات ہیں جنہیں دور کیے بغیر کسی اتحاد میں شمولیت ممکن نہیں۔

Scroll to Top