ایران کیساتھ معاہدے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، صدر ٹرمپ

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط 19 جون جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام پر ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس عمل میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے میں پاکستان اور قطر نے اہم کردار ادا کیا۔

جی 7 سربراہی اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں کو ایران معاہدے سے متعلق بریفنگ دی، جس کا خیرمقدم کیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاہدہ نہ ہوتا تو آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش عالمی معیشت کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : قیامِ امن کیلئے حکومتِ پاکستان، فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سرگرمِ عمل رہے، وزیر اعظم

امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ نہ جوہری ہتھیار تیار کرے گا اور نہ ہی حاصل کرے گا، جبکہ امریکا ایرانی افزودہ جوہری مواد کو ناکارہ بنانے کیلئے تکنیکی اقدامات کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مفاہمتی یادداشت کی ایک نقل اسرائیل کو بھی فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ لبنان میں امن، خلیجی ممالک کے ساتھ علاقائی سلامتی اور ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سمیت دیگر معاملات پر بات چیت جاری ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق جنگ کے باعث ایران کو تقریباً 2 ٹریلین ڈالر کا معاشی نقصان پہنچا، جس کے بعد ملک کو بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی، تاہم امریکا ایران کی تعمیر نو میں براہِ راست سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔

Scroll to Top