عالمی مارکیٹ میں خام تیل مسلسل سستا، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید بڑی کمی کا امکان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل مسلسل سستا، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید بڑی کمی کا امکان

ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد جاری مذاکرات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل نیچے گر رہی ہیں۔

ایران اسرائیل جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں تاہم اب ان میں کمی کا تسلسل برقرار ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹوں میں آج لندن برینٹ خام تیل کی قیمت میں مزید 2.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس سے اس کی فی بیرل قیمت 73.77 ڈالر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس خام تیل کی قیمت بھی آج 2.05 فیصد کمی کے بعد 77.44 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔

عالمی سطح پر قیمتوں میں اس مسلسل گراوٹ کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بھی ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ابھی مزید کمی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :  بٹ کوائن دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے حوالے سے سمری تیار کر لی ہےجس میں 20 سے 50 روپے فی لیٹر تک ممکنہ کمی پر غور کیا جا رہا ہےتاہم اس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹراور ڈیزل میں 67 روپے فی لیٹر تک بڑی کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

Scroll to Top