بٹ کوائن دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا

عالمی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں بٹ کوائن کی قیمت 60 ہزار ڈالر کی سطح سے نیچے آ گئی ہے جو 10 جون کے بعد پہلی بار ہوا ہے، اس کمی کے بعد بٹ کوائن دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق حالیہ گراوٹ کے باوجود سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد اب بھی قیمتوں میں ممکنہ بہتری اور ری باؤنڈ کی توقع کر رہی ہے جس کے تحت بٹ کوائن دوبارہ 70 ہزار ڈالر کی سطح تک جا سکتا ہے۔

قیمت میں حالیہ کمی کی بڑی وجہ ٹریڈرز کی جانب سے شارٹ پوزیشنز میں اضافہ اور فنڈنگ ریٹس میں اتار چڑھاؤ ہے، جس نے مارکیٹ میں دباؤ بڑھایا تاہم 60 ہزار ڈالر کی سطح کو ایک اہم سپورٹ زون قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق بٹ کوائن اس وقت ایک وسیع رینج میں ٹریڈ کر رہا ہے اور موجودہ کمی کو طویل مدتی مندی کے آغاز کے بجائے ایک عارضی کنسولیڈیشن سمجھا جا رہا ہے۔

کئی ٹریڈرز کا خیال ہے کہ فروخت کا دباؤ کم ہونے کی صورت میں مارکیٹ میں بہتری آ سکتی ہے جبکہ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق بٹ کوائن آئندہ دنوں میں مختصر مدتی ری باؤنڈ کے ذریعے 70 ہزار ڈالر کی سطح کی طرف بڑھ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرپٹو مارکیٹ میں ہلچل، بٹ کوائن کی قیمت میں بڑی گراوٹ

دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی محتاط رجحان دیکھا گیا جہاں جغرافیائی کشیدگی میں کمی کے باوجود سرمایہ کاروں کا اعتماد مکمل طور پر بحال نہ ہو سکا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں آنے والے اقتصادی اعداد و شمار اور مہنگائی سے متعلق رپورٹس کرپٹو سمیت عالمی مارکیٹس کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

Scroll to Top