خیبرپختونخوا پولیس کی یونیفارم میں جزوی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا، جس کے تحت اعلیٰ افسران کیلئے سیاہ بیلٹ اور سیاہ جوتے پہننا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ فلیش سگنل کے مطابق یہ فیصلہ مجاز اتھارٹی کی منظوری اور اسٹینڈنگ آرڈر نمبر 5/2026 کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی، اے ایس پی اور اس سے اوپر کے تمام پولیس افسران یکم جولائی 2026 سے اپنی سرکاری وردی کے ساتھ سیاہ بیلٹ اور سیاہ جوتے پہننے کے پابند ہوں گے۔ یہ احکامات فوری طور پر تمام متعلقہ پولیس دفاتر کو عملدرآمد کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد یونیفارم میں یکسانیت اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانا ہے، تاکہ تمام افسران ایک منظم اور یکساں ظاہری شناخت کے ساتھ فرائض سرانجام دے سکیں۔
محکمہ پولیس کی جانب سے جاری ہدایات پر تمام متعلقہ یونٹس کو عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔





