دبئی: پاکستان کے مایہ ناز اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین مینز ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ بھارتی اسپنر ورون چکرورتی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق ابرار احمد ایک درجہ ترقی پا کر 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دنیا کے دوسرے بہترین ٹی ٹوئنٹی بولر بن گئے ہیں۔
افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان 753 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ بھارت کے ورون چکرورتی اب تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے دیگر بولرز کی بات کی جائے تو محمد نواز 12ویں، سلمان مرزا 20ویں اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 30ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ میں تاریخی کامیابی پر میکسیکو میں جشن، دم گھٹنے سے 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
دوسری جانب بھارت کے ایشان کشن دوبارہ پہلی پوزیشن پر قابض ہو گئے ہیں، جبکہ ابھیشیک شرما ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا پہلے جبکہ بھارت کے ہاردک پانڈیا دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں موجودگی کو قومی کرکٹ کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





