پلک جھپکتے میں 4 سیاحوں کو موت کے منہ سے نکالنے والی رافٹنگ ٹیم کو خراجِ تحسین

بالاکوٹ: ناران کے قریب دریائے کنہار میں ڈوبتے ہوئے چار سیاحوں کی جانیں بچانے والی رافٹنگ ٹیم کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ کامیاب ریسکیو آپریشن پر ٹیم کو مختلف حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) رحمت علی نے رافٹنگ ٹیم سے ملاقات کی اور کامیاب ریسکیو آپریشن پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

ڈی جی کے ڈی اے رحمت علی نے کہا کہ رافٹنگ ٹیم نے انتہائی مختصر وقت میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چار قیمتی جانیں بچائیں، جو انسان دوستی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بہادر اہلکار قابلِ ستائش ہیں جو اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسروں کی جان بچانے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔

انہوں نے وادی کاغان آنے والے سیاحوں پر زور دیا کہ وہ دریائے کنہار، ندی نالوں اور دیگر سیاحتی مقامات پر غیر ضروری خطرات مول لینے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ناران میں دریائے کنہار میں گاڑی اتارنے والوں کے خلاف مقدمہ درج

اس موقع پر مقامی افراد کی جانب سے رافٹنگ ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں شہریوں اور سیاحوں نے کامیاب ریسکیو آپریشن پر ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ناران کے قریب دریائے کنہار میں چار سیاح ڈوبنے لگے تھے، تاہم رافٹنگ ٹیم نے بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے چاروں سیاحوں کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا۔

اس کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد رافٹنگ ٹیم کی کارکردگی کو مقامی آبادی، سیاحوں اور مختلف حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

Scroll to Top