پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)خیبرپختونخوا نے چھ سے آٹھ جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔
حکام نے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کے قریب جانے سے سختی سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الرٹ میں واضع کیا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہری بارش اور طوفان کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کالام : ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے گاڑی جھیل میں جا گری
پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ کسی بھی ناگہانی واقعے کی اطلاع کے لیے ایمرجنسی آپریشن سنٹر کی ہیلپ لائن 1700 کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔





