سوات کے مشہور سیاحتی مقام کالام میں مبینہ طور پر سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنانے کی کوشش میں ایک کار گہری جھیل میں جا گری، تاہم خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سوات پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر مشترکہ امدادی آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جھیل میں ڈوبنے والے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ بعد ازاں کرین اور دیگر آلات کی مدد سے گاڑی کو بھی جھیل سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
ڈی پی او سوات مشتاق احمد نے اس افسوسناک واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین اور حفاظتی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ جھیل سیف اللہ: 6 افراد جاں بحق، لاپتہ خاتون کی تلاش جاری، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مؤقف سامنے آگیا
انہوں نے واضح کیا کہ دوران ڈرائیونگ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور دیگر غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں سے ہر صورت گریز کیا جائے کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے خطرناک اسٹنٹ کر کے قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





