سعودی عرب کا بڑا معاشی فیصلہ، آرامکو نے ایشیا کے لیے خام تیل سستا کرنے کا اعلان کر دیا
سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو نے ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے عالمی توانائی مارکیٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بلومبرگ رپورٹ کے مطابق آرامکو آئندہ ماہ ایشیا کے لیے اپنے عرب لائٹ خام تیل کی قیمت میں 1.10 ڈالر فی بیرل کمی کرے گی، جس کے بعد یہ تیل علاقائی معیار کے مقابلے میں 1.50 ڈالر فی بیرل رعایت پر دستیاب ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں کی گئی یہ کمی مارکیٹ کی توقعات سے بھی زیادہ ہے، کیونکہ بلومبرگ کے سروے میں ماہرین نے 0.80 ڈالر فی بیرل کمی کی پیش گوئی کی تھی، جبکہ آرامکو نے اس سے زیادہ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق سعودی آرامکو کے اس فیصلے کا مقصد ایشیائی منڈی میں اپنی مسابقت برقرار رکھنا اور خطے میں خام تیل کی طلب کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ توانائی کے شعبے سے وابستہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے اثرات عالمی خام تیل کی قیمتوں اور ایشیائی درآمدی منڈیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
سعودی آرامکو کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے اعلان کو عالمی تیل مارکیٹ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس پر سرمایہ کاروں اور توانائی کے شعبے کی نظریں مرکوز ہیں۔





