پاکستان سمیت عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے دام مزید نیچے آ گئے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 34 ہزار 936 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت 2 ہزار 143 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 72 ہزار 887 روپے پر آ گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ فی تولہ چاندی 120 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 559 روپے کی سطح پر آ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی، جہاں فی اونس سونا 25 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 125 ڈالر پر ٹریڈ ہونے لگا۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی مالیاتی پالیسی، ڈالر کی قدر اور عالمی معاشی صورتحال جیسے عوامل قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔





