بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب مل میں واقع امدادیہ مدرسے پر کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا ہےجس کے نتیجے میں دو معصوم بچے شہید اور ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ رات تقریباً 7 بجے پیش آیا جب بی ایل اے کے دہشت گردوں نے سریاب مل روڈ پر واقع امدادیہ مدرسے کو نشانہ بناتے ہوئے دستی بم پھینکا۔
دھماکے کے نتیجے میں وہاں موجود دو بچے موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے، جن کی شناخت 10 سالہ محمد سفیان ولد مولوی احمد علی اور 11 سالہ خلیل الرحمن ولد عبد الرحمن کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دھماکے کی زد میں آ کر ایک 7 سالہ بچہ اسد اللہ ولد نیاز محمد شدید زخمی بھی ہوا ہےجسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی اسکیننگ شروع کر دی ہے جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔





