اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر جاری بیان میں لکھا، إِنَّا لِلِّٰ وَإِنَّا إِلَيِْ رَاجِعُونَ، بے شک ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، پیارے شاپور، آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ موت ہر انسان کا مقدر ہے، تاہم عزت، وقار اور پشتونوں کی روایات ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ ان کے بقول، موت جسم کو ہم سے جدا کر سکتی ہے، مگر پشتونوں کا معاشرتی ضابطۂ حیات ہمیشہ باقی رہتا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران طویل علالت کے بعد منگل کے روز نئی دہلی کے ایک اسپتال میں 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے ایک مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں افغانستان کے متعدد موجودہ اور سابق کرکٹرز ان کی عیادت کے لیے بھی جاتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں : شاپور زدران کی آخری وطن واپسی، اہلِ خانہ اور ساتھی کرکٹرز غم سے نڈھال
شاپور زدران نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی پہلی ورلڈ کپ فتح میں فاتحانہ رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا تھا۔
شاپور زدران کے انتقال پر کرکٹ برادری سوگوار ہے، جبکہ ساتھی کھلاڑیوں، سابق کرکٹرز، کرکٹ حکام اور دنیا بھر کے شائقین کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔





