عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی نظر آنے لگے ہیں۔ پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کے بعد اب ہوائی جہاز کے ایندھن (جیٹ فیول) کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 13 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 251 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جیٹ فیول مہنگا ہونے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا۔
نئے نرخوں کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 18 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث مستقبل میں بھی ایندھن کی قیمتوں میں تبدیلی کا امکان برقرار رہ سکتا ہے۔





