امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کشیدگی کے باوجود عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں ایک موقع پر 1.6 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جس کے بعد سونا تقریباً 4 ہزار 50 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گیا۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 1.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا، جبکہ سرمایہ کار عالمی حالات، خطے میں بڑھتی کشیدگی اور معاشی پالیسیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ادھر آبنائے ہرمز کی صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو’’غیر معینہ مدت تک بند‘‘ کرنے کے دعوے کے بعد امریکا نے اس بیان کی تردید کر دی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ایک مال بردار بحری جہاز پر حملے کے جواب میں امریکی افواج نے ایک ہفتے کے دوران چوتھی بار ایران میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ ان کے مطابق اگر صورتحال مزید خراب ہوئی تو عالمی مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے، چاندی اور دیگر اجناس کی قیمتوں کا انحصار آنے والے دنوں میں خطے کی صورتحال اور عالمی معاشی فیصلوں پر ہوگا۔





