فٹبال کے عالمی میلے میں شریک 48 میں سے 44 ٹیموں کا سفر تمام ہونے کے بعد اب فائنل فور کا معرکہ شروع ہونے کو ہےجہاں چار سابق عالمی چیمپئنز ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن فرانس اور 2010 کی فاتح اسپین کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔ ڈیلاس اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ سنسنی خیز مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق 14 جولائی کی رات 12 بجے (یعنی آج منگل اور بدھ کی درمیانی رات) شروع ہوگا۔
پہلے سیمی فائنل میں فرانسیسی ٹیم کے پُرجوش اٹیک کا مقابلہ ہسپانوی ٹیم کے مضبوط دفاع سے ہوگا۔ فرانس کو اپنے اسٹار کھلاڑی اور رواں سیزن کے مشترکہ ٹاپ اسکورر کلیان ایمباپے کی خدمات حاصل ہوں گی جو ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن چکے ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ رواں ایونٹ میں ہیٹ ٹرک سمیت پانچ گول داغنے والے عثمان ڈیمبیلے بھی فرانسیسی حملوں کو تیز کریں گے۔
دوسری جانب ہسپانوی اسکواڈ میں شامل اسٹرائیکر مائیکل اویارزبیل بھی حریف ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجانے کو تیار ہیں، جو اب تک میگا ایونٹ میں چار گول کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شاہین شاہ آفریدی لنکا پریمیر لیگ میں کینڈی رائلز کی نمائندگی کریں گے
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل بدھ کی رات 12 بجے کھیلا جائے گا جس میں دفاعی چیمپئن اور تین مرتبہ کی ٹائٹل ہولڈر ارجنٹینا کی ٹیم 1966 کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ یہ ہائی وولٹیج میچ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔





